بھٹکل، 21 نومبر (ایس او نیوز): جمعرات کی اولین ساعتوں میں انتقال کر جانے والے معروف سماجی شخصیت مرحوم ڈاکٹر ایس ایم سید خلیل الرحمن عرف سی اے خلیل صاحب کی نماز جنازہ آج شام پانچ بجے دبئی کے القصیص قبرستان (سوناپور) والی مسجد میں ادا کی جائے گی۔ اس بات کی تصدیق بھٹکلی جماعت دبئی کے جنرل سکریٹری جناب جیلانی محتشم نے کی ہے۔
جیلانی محتشم نے بتایا کہ مرحوم کی قانونی اور کاغذی کارروائیاں مکمل ہوچکی ہیں، اور نماز جنازہ کے فوری بعد القصیص قبرستان میں تدفین عمل میں آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ والد کے انتقال کی خبر ملتے ہی مرحوم کی دو دختران، ایک امریکہ سے اور دوسری لندن سے دبئی پہنچ چکی ہیں۔ ان کے فرزند ایس ایم سید رئیس اور ایک اور دختر پہلے سے دبئی میں موجود ہیں۔
مرحوم کے انتقال کی خبر ملنے پر انڈیا، سعودی عرب اور دیگر ممالک سے ان کے قریبی رشتہ دار اور احباب کے کافی لوگ دبئی پہنچ چکے ہیں، جبکہ مزید افراد جنازے میں شرکت کے لیے پہنچ رہے ہیں۔
جیلانی محتشم کے مطابق، دبئی کے ایسٹرا اسپتال میں مرحوم کے آخری دیدار کے لیے بھی بہت سارے لوگ پہنچ رہے ہیں، اور اہل خانہ سے تعزیت کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
چونکہ بھٹکل کے زیادہ تر لوگ دبئی کے الراس علاقے میں مقیم ہیں، اس لیے جماعت کی جانب سے الراس لائبریری سے قبرستان تک پہنچنے کے لیے شام چار بجے خصوصی سواری کا انتظام کیا گیا ہے۔